اسلام آباد (ای پی آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے 9 مئی واقعات میں درج مقدمات کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر کئے گئے سوالات کے کیا جوابات دیئے اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی ارکان نے کہا کہ ہم آپ سے صرف پروفیشنل سوالات کریں گے،جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے 9 مئی سے متعلق سوالات کیے۔
جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ 9 مئی کو پورے ملک میں جو ہوا پلاننگ تھی یا اتفاق؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ پلاننگ کہیں اور سے ہوئی اس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔
جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ آپ کے لوگ کنٹونمنٹ میں کیوں گئے تھے؟
سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ جب کمانڈر مجھے گرفتار کرے گا تو لوگوں نے وہیں جانا تھا۔
انویسٹی گیشن ٹیم نے سوال کیا کہ ثبوت ہیں کہ آپ نے انہیں مشتعل کیا اور احکامات دیے۔
عمران خان نے کہا کہ سب لوگ اپنی مرضی سے ان مقامات پر گئے، اس دن جو ہوا سب ایک سازش تھی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مختلف ویڈیوز اور تصاویر بھی دکھائیں جس کو انہوں نے ماننے سے ہی انکار کر دیا اور کہا یہ میرے لوگ نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں واپس آؤں گا اور آپ کو اپنی ان تمام کارروائیوں کا جواب دینا ہو گا۔
جے آئی ٹی ایک ڈی آئی جی، ایک ایس ایس پی اور 4 ایس پیز پر مشتمل تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی ایک گھنٹہ اندر رہے اور ان سے تمام سوالات کانفرنس روم میں کیے گئے۔


