لاہور( ای پی آئی) محتسب پنجاب کی جانب سے صوبائی محکموںکو 18 درخواست گزار افراد کو پنجاب سول سرونٹس رولز مجریہ 1974 کے قاعدہ 17 اے کے تحت سرکاری ملازمتیں فراہم کر نے کی ہدایت پر ملازمتیں فراہم کر دی گئیں ہیں جس سے ان کے قانونی حق کی حفاظت ممکن ہوئی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان کے مطابق محتسب پنجاب کی ہدایت پر محکمہ تعلیم کی جانب سے طلحہ طارق کو اٹک میں جونیئر کلرک، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے محمد الیاس کو مالی ، جھنگ کے عمردراز کو چوکیدار ،وہاڑی کی آمنہ بی بی کو بلاوی جبکہ ابرارہ سعدیہ کو فیصل آباد اور چاند حمزہ گورایا کو ڈیرہ غازی خان میں نائب قاصد بھرتی کیا گیا ہے۔
اسی طرح دفتر محتسب پنجاب کی مداخلت پر محکمہ صحت نے جڑانوالہ تحصیل کے محمد وقاص بشیر کو وارڈ بوائے، راولپنڈی کے سلطان محمدکو سینٹری پٹرول اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے محمد حماد علی کو 11ویں سکیل میں جونیئر کلرک بھرتی کیا ہے جبکہ سپرنٹنڈنگ انجینئر لوئر چناب کینال ایسٹ سرکل شیخوپورہ نے آصف علی کو جونیئر کلرک کی ملازمت فراہم کر دی ہے۔
ترجمان کے مطابق دفتر ڈپٹی کمشنر بھکر نے محتسب آفس کی مداخلت کے بعد صفدر عباس اور محمد شکیل کو محکمہ مال میں گیارہویں سکیل میں جونیئر کلرک بھرتی کیا ہے۔
اس دوران وہاڑی کے توقیر احمد کو محکمہ پولیس نے ساتویں سکیل میں کانسٹیبل، محکمہ انہار نے ملتان کے محمد ساجد کو نائب قاصد، مارکیٹ کمیٹی جہانیاں ضلع خانیوال نے نور فاطمہ کو جاروب کش ،ضلع کونسل فیصل آباد نے صولت حسن کو بیلدار ، دفتر تحصیل کونسل ساہیوال نے فداحسین کو چوکیدار اور میونسپل کمیٹی جہلم نے حمزہ رشید کو قاعدہ 17 اے کے تحت نائب قاصد بھرتی کر لیا ہے۔


