لاہور(ای پی آئی ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہائوس لاہور میں یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون سکیم کے تحت نوجوانوں میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں لیپ ٹاپ سکیم کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ نوجوان ہوتے ہیں، گزشتہ چند سالوں میں جھوٹ اور نفرت کا سہارا لیا گیا، ہم نے سچائی اور سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں رکھنا، وزیر اعظم شہبازشریف نے نوازشریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مشہور تھا کہ چائنہ بہت تیزی سے کام مکمل کرتا ہے، چینی حکام کو کہتے سنا کہ شہبازسپیڈ نے چائنہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، لیپ ٹاپ سکیم کو ماضی میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے نشانہ بنایا گیا۔
بلیغ الرحمان نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم سے نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے گئے، لیپ ٹاپ سکیم نے ڈیجیٹل ڈیوائیڈ کو ختم کیا، نوازشریف کے دور میں روڈ نیٹ ورک پر نہیں ڈیجیٹل روڈ نیٹ ورک پر بھی کام ہوا، لیپ ٹاپ سکیم کو پوری دنیا میں سراہا گیا۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے ادوار حکومت میں طلبا کو لاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر دیئے گئے، مسلم لیگ ن نے ہر دور میں نوجوانوں کی بہتری کیلئے اقدامات کئے۔


