راولپنڈی (ای پی آئی ) خواب دیکھنے پر کوئی ٹیکس نہیں، بلاول کسی افریقی ملک کا بھی وزیراعظم نہیں بن سکتا۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ن لیگ، پی پی پی، مولانا فضل الرحمان کے خواب دھرے کے دھرے رہ جائیں گے ان کے خواب آنسوؤں میں بہہ جائیں گے،
انھوں نے کہا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے، بجلی کا بنیادی نرخ 25 سے بڑھا کر 29 کر دیا گیا، بے شک ہر گھر میں لیپ ٹاپ دے دیں جس کے گھر بجلی کا بل جا رہا ہے آٹا خرید کر کھا رہا ہے وہ انہیں الیکشن پر 440 وولٹ کا کرنٹ لگائے گا۔ عوام اور 13 پارٹیوں کے درمیان نفرت انتہائی گہری ہوچکی ہے، غربت سے تنگ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں لیکن نام ہارٹ اٹیک کا لے رہے ہیں کیونکہ اہل خانہ پوسٹ مارٹم اور پولیس کی تفتیش نہیں چاہتے
انھوں نے کہا کہ جس ملک میں 8 لاکھ پروفیسر، ڈاکٹر، انجینئر ملک چھوڑ کے چلے جائیں تو پیچھے فضل الرحمان ہی رہ جاتا ہے۔نواز شریف کو اہل بنانے کیلئے دو تہائی اکثریت چاہیے جو الیکشن کے بعد بھی ممکن نہیں، ان کو اقتدار نہ ملے تو بیمار ہو جاتے ہیں اقتدار ملے تو تقریروں اور سرکاری اشتہاروں کا جمعہ بازار لگا دیتے ہیں، ریاست کوئی خلائی مخلوق نہیں ہوتی اس کا اہم جز عوام ہوتے ہیں جس کا دیوالیہ کر دیا گیا ہے۔
شیخ رشید جا کہنا تھا کہ پہلی بار لوگوں کے پاس قبر کے پیسے نہیں ہیں ضرورت مند لوگوں کو کفن دفن کا خرچہ بینظیرانکم سپورٹ سکیم سے دیا جائے، بلاول نے 65 غیر ملکی دورے کئے کمپنی کی مشہوری کے علاوہ کچھ نہ ملا، سیاست کے آخری اوور شروع ہونے والے ہیں، جنہوں نے کسی کے ساتھ ہاتھ کیا اب اُن کے ساتھ ہاتھ ہوگا۔


