اسلام آباد (ای پی آئی ) سابق وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ ن طارق فضل چوہدری کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق ، وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر کا اظہار افسوس ،

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت کے سیونتھ ایونیو پر لیگی رہنما طارق فضل چوہدری کا بیٹاٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق انزا طارق کی گاڑی موٹرسائیکل سوار کوبچاتے ہوئے بے قابو ہو کر کھمبے سے ٹکرا ئی اور پھر الٹ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں طارق فضل چوہدری کے بیٹے شدید زخمی ہوئے جنہیں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔

خاندانی ذرائع نے بتایا کہ میت ان کی رہائش گاہ چک شہزاد پہنچا دی گئی ہے نماز جنازہ شام 4 بجے مرکزی سیکرٹریٹ مسلم لیگ ن چٹھ بختاور اسلام آباد میں ادا کیا جائے گا.

وزیر اعظم شہباز شریف نے رہنما ن لیگ طارق فضل چوہدری کے بیٹے کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے، انھوں نےاہل خانہ سے دلی رنج و غم اور صدمے کا اظہار کیا، اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے طارق فضل چوہدری کی رہائش گاہ جا کر ان سے بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس کیا،

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے بھی طارق فضل کے بیٹے کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ راجہ پرویز نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں طارق فضل چوہدری اور دیگر اہل خانہ کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں، اللہ طارق فضل اور اہل خانہ کو جوان بیٹے کی موت پر صبر جمیل عطا فرمائے۔