اسلام آباد (ای پی آئی ) توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جج ہمایوں دلاور پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ آپ کے نام کا فیس بک اکاؤنٹ ہے جہاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پوسٹیں لگی ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ ہونے کی تصدیق کر دی، جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیئے کہ فیس بک اکاؤنٹ میرا ہی ہے، لیکن پوسٹیں میری نہیں، آپ کو نہیں چاہئے تھا اس کی فرانزک کروا کر اعتراض اٹھاتے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں نے ساری چیزیں فیس بک اکاونٹ پر دیکھیں، بعد میں وہ لاک ہو گیا۔ فیس بک اکاونٹ سے ملک کے بڑے لیڈر کے بارے میں کیا کیا کہا گیا۔

انہوں نے تصاویر بھی عدالت کے سامنے پیش کر دیں۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ آپ اس معاملے کو کسی ایسے فورم پر کیوں نہیں لے جاتے جہاں تحقیقات ہوں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ نے تسلیم کر لیا، فیس بک اکاونٹ آپ کا ہے، جو اب بند ہو چکا ہے۔ جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیئے کہ ابھی انکوائری چل رہی ہے۔

بیرسٹر گوہر کی جانب سے عدم اعتماد کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔