اسلام آباد(ای پی آئی )سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر کی جانب سے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث ایک بار پھر موخر کر دیا گیا ۔

احتساب عدالت نے فیصلے کے لئے 4اگست کی نئی تاریخ مقرر کر دی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔

عدالتی عملے نے کہا کہ چار اگست کو نیب آرڈیننس کے تحت دائر درخواستوں پر فیصلہ سنایا جائے گا۔ درخواست دائر کرنے والوں میں شیخ عمران الحق، آغا جان اختر، سعید احمد خان، عبدالصمد داد اور چوہدری محمد اسلم ملزمان شامل ہیں۔

ملزمان نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ نیب آرڈیننس کے تحت یہ ریفرنس اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔شاہد خاقان عباسی اور ان کے بیٹے عبداللہ شاہد نے نیب آرڈیننس کے تحت درخواست دائر نہیں کی تھی۔