لاہور( ای پی آئی)سربراہ عوامی مسلم لیگ اورسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنی پیغام میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت تین اہم کیسز پاکستان کی سیاست اور سیاستدانوں کا رخ موڑ سکتے ہیں
انھوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سیاست پر گہرے اثرات اور نئے سیاسی تجربات میں رکاوٹ کا باعث بن سکتے ہیں،جب تک اسمبلیاں ٹوٹ نہ جائیں نگران حکومت آ نا جائے الیکشن کمیشن تاریخ نہ دے دے الیکشن کا وقت پر ہونا یا وقت پر نہ ہونا سوالیہ نشان ہے ،
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ ایک دوسرے کو رسہ ڈال کر گلیوں اور بازاروں میں گھسیٹنے کی باتیں کرتے تھے اپنے کیسز ختم کرانے کے لیے اکٹھے ہوئے ۔
شیخ رشید نے کہا کہ جس طرح پنجاب اور خیبر پختوانخواہ میں نگران حکومتیں بنائی گئیں جس طرح کراچی کا الیکشن ہوا جو کچھ کشمیر گلگت بلتستان میں کھیل کھیلا گیاوہ لمحہ فکریہ ہے ،
انھوں نے کہا کہ اگلے الیکشن کا فیصلہ پاکستان کے نوجوانوں کے ہاتھ میں آگیا ہے اور نوجوان نسل الیکشن کے ساتھ ہاتھ نہیں ہونے دے گی ،نوجوان نسل اتنے جوش و جذبے سے پولنگ بوتھ کی طرف جائے گی جس کا عقل کے اندھوں کو اندازہ نہیں ہے ،نوجوان کا ووٹ ہی کسی کا الیکشن بنائے گا اور کسی کا بگاڑے گا،
شیخ رشید نے کہا کہ ملک کے حالات اتنے سنگین اور گھمبیر ہو چکے ہیں کے تباہ حال معیشت کو مستحکم جمہوریت کی ضروت ہے ،جب آٹا 160 روپے کلو ،چینی 150 روپے کلو اور پیک آور میں بجلی کا بنیادی ریٹ 50 روپے ہوگا تو لیپ ٹاپ بیچارہ کیا کرے گا۔


