راولپنڈی (ای پی آئی ) آئندہ 3 ہفتے پاکستان کی سیاست کیلئے انتہائی اہم اور فیصلہ کن ہوں گے جن میں پی ڈی ایم جماعتیں آپس میں دست و گریباں ہوں گی ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کیا ،

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے ہوں، نگران حکومت ہو، الیکشن کی تاریخ ہو، مردم شماری ہو، سب ہی اہم ہیں، یہ سارے فیصلے 12 اگست سے پہلے ہونے ہیں جو پاکستان کے سیاسی، معاشی اور اقتصادی مسائل کے حل کیلئے انتہائی اہم ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ الیکشن 60 دن میں ہوں گے یا 90 دن میں ہوں گے، مسئلہ یہ ہے کہ کیا الیکشن شفاف ہوں گے؟، عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور دنیا کیلئے قابل قبول ہوں گے؟، نگران وزیراعظم سیاست دان ہوگا یا معیشت دان، یہ فیصلہ بھی اہم ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ اگر سیاسی استحکام نہیں آئے گا تو معاشی اور اقتصادی استحکام بھی نہیں آئے گا، یہ بھان متی کا کنبہ بنے گا، چوک چوراہے میں ہنڈیاں پھوٹیں گی، جب یہ اپنے اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے تو ایک دوسرے کے خلاف کیا بیانیہ بنائیں گے؟۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 170 روپے کلو آٹا، 155 روپے کلو چینی، 290 روپے کا ڈالر ، پیک آوور میں 50 روپے بجلی کا بنیادی ریٹ اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟، 15 مہینے میں 1 ارب ڈالر کی امداد کی بھیک پر دھمال ڈالنے والے کس منہ سے عوام میں جائیں گے؟

۔شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ، روپے میں گراوٹ اور آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط غریب کیلئے قبرستان اور پی ڈی ایم کیلئے سیاسی موت ہوں گی، آئی ایم ایف کی شرائط غریب کیلئے گلہ گھونٹ اور حکومت کیلئے چارج شیٹ ہے۔