لاہور(ای پی آئی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی نظر بندی کو ایک بار پھر لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نظر بندی کے خلاف ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم دی گئی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا جا رہا۔

قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ پرویز الٰہی کو عدالت میں طلب کر کے انہیں آزاد کیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ درخواست پر حتمی فیصلے تک پرویز الٰہی کو کسی اور مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔

درخواست میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اور آئی جیل خانہ جات کو فریق بنایا گیا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ درخواست میں لاہور ہائی کورٹ نے پرویز الٰہی کے وکلا کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے کہا تھا کہ آپ نظربندی کے خلاف ڈپٹی کمشنر کو درخواست دیں، وہ آپ کو سن کر فیصلہ کر دیں گے، آپ کے پاس متعلقہ فورم موجود ہے، آپ پہلے وہاں رجوع کریں۔