لاہور(ای پی آئی ) پنجاب حکومت نے نیا اسلحہ لائسنس بنانے، تجدید سے متعلقہ فیسوں میں 2ہزار فیصد تک اضافہ کر دیا۔

پنجاب آرمز رولز 2023کے تحت نگران کابینہ نے شیڈول ون میں تبدیلی کی منظوری دیدی،نیا ذاتی اسلحہ لائسنس بنوانے کی فیس 10ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کردی گئی،

ذاتی اسلحہ لائسنس کی تجدید کرانے کی فیس ایک ہزار سے بڑھا کر 5ہزار روپے کردی گئی ۔

نگران کابینہ نے نجی اداروں،سکیورٹی کمپنیوں کے نیا اسلحہ لائسنس بنانے کی فیس 50ہزار روپے مقرر کر دی، محکمہ داخلہ پنجاب کے لائسنس کو ’’آل پاکستان‘‘ کرانے کی فیس ایک لاکھ روپے مقررکر دی گئی ، اسلحہ لائسنس پروسینگ فیس 1400سے بڑھا کر 2ہزار روپے مقررکر دی گئی۔

اس کے علاوہ ڈپلی کیٹ اسلحہ لائسنس بنانے کی فیس 1ہزار سے بڑھا کر 5ہزار روپے کردی گئی، اسلحہ لائسنس میں گولیوں کی تعداد بڑھانے کی فیس 12روپے فی گولی کردی گئی ،

اسلحہ لائسنس پر ہتھیار یا بور تبدیل کرنے کی فیس 5ہزار روپے مقرر ہو گئی۔

کابینہ نے وراثت کی بنیاد پر اسلحہ لائسنس ٹرانسفر کی فیس 10ہزار روپے مقررکردی،

لائسنس ہولڈر کے گھر پر اسلحہ لائسنس ڈیلیوری کی فیس 300روپے مقرر ہو گئی،محکمہ داخلہ نے فیسوں میں کم اضافہ تجویز کیا تھا، نگران حکومت نے زیادہ اضافہ کردیا۔