اسلام آباد(ای پی آئی ) جج دھمکی کیس کی اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیدی گئی،جج دھمکی کیس کی سماعت کی تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جج دھمکی کیس کی سماعت ہوئی،جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نےکیس کی سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل انتظار پنجوتھا عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل انتظار پنجوتھا نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی سکیورٹی کے باعث اوپر نہیں آسکتے،

جج ملک امان نے کہا کہ اگر پرانی کچہری میں ہوتے تو آپ کی بات مان لیتے، وکیل نے استدعا کی کہ عدالت چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری لگا لے،

جج ملک امان نے کہاکہ ایسا نہیں کرسکتے ملزم کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، عدالت نے وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ہم بیٹھے ہیں ، آپ ملزم کو پیش کر دیں ۔

چیئرمین پی ٹی آئی خاتون جج دھمکی کیس میں ملک امان کی عدالت میں پیش ہو گئے،وکیل انتظار پنجوتھا نے کہاکہ کل یا پرسوں کیس کی سماعت کرلیں،

عدالت نے کہاکہ چھٹیوں کے بعد کسی کو سماعت کیلئے رکھ لیتے ہیں۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیدی،جج دھمکی کیس کی سماعت کی تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔