اسلام آباد(ای پی آئی ) توہین الیکشن کمیشن کیس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پیش ہو گئے الیکشن کمیشن نے توہین کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر 2اگست کوفرد جرم عائد کرنے کی تاریخ دیدی، آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم ۔

الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کی سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4رکنی کمیشن نے سماعت کی،

چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین، نعیم پنجوتھابھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، سیکرٹری الیکشن کمیشن قانونی ٹیم کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن کمیشن پیش ہو گئے ہیں، ہمیں الیکشن کمیشن سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، میڈیا کے ذریعے چیئرمین پی ٹی آئی کی طلبی کا پتہ چلا ،

ممبر نثار درانی نے کہاکہ آج چیئرمین پی ٹی آئی پر چارج فریم ہونا تھا، وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ الیکشن کمیشن پہلے ہمارے اعتراضات پر فیصلہ کرے، میں گزشتہ سماعت سے چیئرمین پی ٹی آئی کا وکیل مقرر ہوا ہوں، مجھے کیس کی فائل پڑھنے کا موقع دیا جائے۔

ممبر نثار درانی نے کہاکہ 2اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی پرفرد جرم عائد کریں گے ، آئندہ سماعت پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،

وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے احکامات پر عملدرآمد کے پابند ہیں، الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 2اگست تک ملتوی کردی ۔