لاہور (ای پی آئی) تقاریر اور بیانات کو ٹی وی چینلز پر نشر نہ کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی ۔
عدالت نے درخواست گزار کو پیمرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا قانون کے تحت درخواست پرفیصلہ کرے ۔
جسٹس رسال حسن سید نے تحریک انصاف کے سربراہ کی درخواست پر سماعت کی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ہارون الرشید نے درخواست کی مخالف کی ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سلیمان اکرم راجہ اور سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔
وکلاء درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پیمرا نے ایک سرکلر کے ذریعے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام چلانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے پابندی کے خلاف پیمرا سے رجوع کیا ۔وکلاء درخواست گزار نے بتایا کہ اس بارے لاہور ہائیکورٹ میں دو درخواستیں زیر سماعت ہیں ۔
لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کی پابندی کا نوٹیفیکیشن معطل کر رکھا ہے ۔نوٹیفیکیشن معطلی کے باوجود ٹی وی چینلز پر عمران خان کو نشر کرنے سے روکا جا رہا ہے۔


