اسلام آباد(ای پی آئی )پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں الیکشن ایکٹ میں ترامیم پیش کرنے کا کہا گیا کاپی کے مطابق حکومت نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2021ء میں مزید ترامیم کا فیصلہ کیا ہے اور یہ بل آج سے شروع ہوئے مشترکہ اجلاس سے الیکشن ایکٹ 2023ء کی صورت میں پاس کرایا جائے گا۔
الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2021ء میں شامل الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ کی شق کو مشترکہ اجلاس سے مسترد کرانے اور بل میں اضافی ترامیم شامل کر کے قانون سازی کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایوان میں بتایا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے متعلق آج قانون سازی کی جائے گی جس پر ارکان برہم ہوگئے اور اعتماد میں لیے بغیر کسی بھی قانون سازی کا حصہ بننے سے انکار کردیا ارکان نے کہا کہ ایوان کو بے توقیر کیا جارہا ہے، ہمیں اعتماد میں لیے بغیر قانون سازی نہیں ہونے دیں گے۔
سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے آج ہونے والی قانون سازی پر اعتراض اٹھادیا اور حکومت کی طرف سے قانون سازی کے اس طریقہ کار پر برس پڑے۔رضا ربانی نے کہا کہ آج کچھ قانون سازی کی بازگشت ہے اور کوئی سپلیمنٹری ایجنڈا لایا جائے گا، ایسا لگتا ہے کہ مشترکہ اجلاس کو بھی قومی اسمبلی اور سینیٹ کی طرح ربڑ اسٹیمپ بنانا چاہتے ہیں، جو قانون سازی کی جانی ہے وہ بل مسودہ کی صورت میں ہمارے پاس نہیں ہے، آپ ایسے کھیل کا حصہ نہ بنیں جس سے مشترکہ اجلاس یا پارلیمنٹ بلڈوز ہو اس طرح مت کریں پارلیمنٹ کو مضبوط بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلز کی کاپیاں ایک دن قبل ارکان کو دینا رول آٹھ کا تقاضا ہے، جب تک ترامیم کی کاپی نہیں ملے گی تو پچھلے بل سے موازنہ کرکے کیسے جانچا جائے گا؟ اسپیکر صاحب ایسی قانون سازی کی اجازت نہ دیں، اگر آپ نے یہ قانون سازی ہونے دی تو ان قوتوں کے مقاصد پورے کریں گے جو پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنا چاہتی ہیں۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے رضا ربانی کی حمایت کی اور کہا کہ میں رضا ربانی کے موقف کی حمایت کرتا ہوں، آج کوئی قانون سازی نہ کریں اور اسے دودن کے لیے مؤخر کریں تاکہ ہر کوئی بلز اور ترامیم پڑھ کر اپنا شامل کرے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ کو مزید بے توقیر نہ کریں، آج پارلیمان کو بھیڑوں کی طرح ہانکا جارہا ہے اور بھیڑوں کو نہیں پتا ہوتا کہ انہیں ذبح کرنے کے لیے کہاں لے جایا جارہا ہے، عوام میں پارلیمان بے توقیر ہورہی ہے، اسپیکر رولنگ دیں کہ جو قانون سازی کی ترامیم نہیں ملیں انہیں مؤخر کیا جائے، ہماری پارلیمان کی حیثیت اب ہاں یا نہ کرنے کی رہ گئی ہے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ آج قومی وقار کی بات کی جارہی ہے مگر پہلے کہا جاتا تھا کہ آرمی چیف قوم کا باپ ہوتا ہے، گزشتہ دور میں ایسا ہوتا رہا ہے، سیٹیں تبدیل ہونے کے باوجود پارلیمان کا جنازہ نکل رہا ہے، ایسا لگتا ہے کہ ہم چائے پینے آئے ہیں یہاں اور واپس چلے جائیں گے، یہ کیسا ایجنڈا ہے جو یہاں آکر پتا چلتا ہے ہمیں کل بھی منظور نہیں تھا کہ پارلیمنٹ کے ارکان کو ہانک کر لایا جائے اور ہمیں آج یہ بھی منظور نہیں کہ ان سے انگوٹھا لگوایا جائے۔
خواجہ آصف نے تقریر کی اور اس میں تحریک انصاف کے اراکین پر تنقید کی جس پر تحریک انصاف کے سینیٹرز نے احتجاج شروع کردیا اور پی ٹی آئی کے اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے، اپوزیشن نے ایوان میں شور شرابہ کردیا جن میں بڑی تعداد خواتین سینیٹرز کی تھی۔
مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دوہزار اٹھارہ کے الیکشن پر سیاسی جماعتوں کو بڑے اعتراضات تھے، الیکشن ایکٹ کی تمام ترامیم اتفاق سے منظور ہوئی تھیں، الیکشن ایکٹ ہمارے دل کے قریب ہے دوہزار اٹھارہ کے الیکشن میں شفافیت کی کمی تھی، وقت کے ساتھ ساتھ قانون سازی کرنی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں کوئی ایسی جماعت نہیں جس کی حاضری نہ ہو، کامران مرتضیٰ صاحب نے ایک میٹنگ تک نہیں چھوڑی اور آج کہتے ہیں ایوان کو بلڈوز کیا جارہا ہے۔
چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات سردار ایاز صادق نے کہا کہ تمام کمیٹی ارکان نے اپنی اِن پٹ دی ہے یہ ترامیم تقریبا متفقہ ہیں اور ہم نے ایوان سے باہر سے بھی ترامیم لیں،
جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے بھی ترامیم بھیجیں ان پر بھی غور کیا گیا لیکن تو جلادو آگ لگادو کی باتیں ہوتی رہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں کیلوں والے ڈنڈے لائے گئے پی ٹی وی پر حملہ کیا گیا کبھی استعفے دیتے ہیں کبھی واپس لیتے ہیں انہیں پتا ہی نہیں کہ کرنا کیا ہے، ان کا لیڈر ملک بھر کی تمام نشستوں پر اکیلا ہی الیکشن لڑنا چاہتا ہے، ان کے نزدیک الیکشن صرف اقتدار کے لیے ہی ہوتا ہے، نو مئی کو انہوں نے کیا کچھ کیا ہے، ان لوگوں نے شہادتیں پیش کرنے والوں کے ورثا کو کس طرح تکلیف دی اور یہ پچھلے کو اپنا باپ کہتے ہیں۔
سردار ایاز صادق کے ریمارکس پر پی ٹی آئی کی خواتین نے احتجاج اور شور شرابہ بھی کیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے انتخابی قوانین بل پر کل تک کا وقت دینے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ کل تک کا وقت دے دیا جائے تاکہ ارکان تسلی کے ساتھ ترامیم دیکھ لیں۔اسپیکر نے انتخابی اصلاحات بل کل تک موٌخر کرنے پر مشاورت کی۔ اس دوران حکومتی و اپوزیشن کے سینئر ممبران اور آئینی ماہرین اسپیکر ڈائس پر پہنچ گئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری قانون سازی نے ممبران کے ساتھ مشاورت کی اور انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کل تک مؤخر کردی۔
دریں اثنا ایوان میں والدین تحفظ بل 2023ء کی منظوری بھی کل تک مؤخر کردی گئی جب کہ قانون شہادت ترمیمی بل 2023ء مشترکہ اجلاس سے منظور کرلیا گیا۔وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے انسداد نشہ آور اشیاء ترمیمی بل 2023ء مشترکہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا۔
مشترکہ اجلاس میں قانون سازی کے دوران اپوزیشن کا احتجاج اور شور شرابہ جاری رہا۔مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیٹرولیم ترمیمی بل 2023ء بھی پیش کیا جسے مشترکہ اجلاس سے منظور کرلیا گیا۔دریں اثنا اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ جن قوانین کی ترامیم پر تحفظات ہیں انہیں کل تک موخر کرتے ہیں، موخر کیے گیے بلوں کو کل قانوی سازی کیلئے پیش کیا جائے۔


