اسلام آباد (عابدعلی آرائیں ) سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بطور 26ویں چیف جسٹس آف پاکستان اپنی آدھی مدت گزار لی ۔ ریٹائرمنٹ میں 196 دن باقی رہ گئے، 17ستمبر2023 کو منصب سنبھالنے والے فاضل چیف جسٹس 25اکتوبر 2024کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے انکے بعد سینئرترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ منصف اعلی کا منصب سنبھالیں گے۔

موجودہ چیف جسٹس پاکستان کا دورایک سال ایک ماہ اور 8 یعنی 404 دن کا ہے انہوں نے 17ستمبر کو منصب سنبھالا ان 404 ایام میں سے 208 روزگزر چکے ہیں جبکہ 196روزباقی ہیں ۔اس طرح انہوں نے آدھی مدت سے 6 ایام زائد گزار لئے ہیں ۔

موجودہ چیف جسٹس کے دورمیں عام انتخابات 2024کاانعقادہوا جن کو تاریخ کے متنازع ترین انتخابات کہا جارہا ہے ۔ انہی کے دور میں سپریم کورٹ کے دو ججزجسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس اعجازالاحسن نے عہدوں سے استعفے بھی دیئے ہیں۔جسٹس مظاہرعلی اکبرکیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس زیر سماعت تھا جبکہ جسٹس اعجازالاحسن کے استعفی کی واضح وجہ کھل کرسامنے نہیں آسکی۔۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 30جنوری 1985کو ایڈووکیٹ بلوچستان ہائیکورٹ بنے،جسٹس فائز عیسیٰ مارچ 1998میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بنے، جج مقرر ہونے سے قبل 27سال تک وکالت کے شعبہ سے وابستہ رہے، 5اگست 2009کو جسٹس فائز عیسیٰ کو براہ راست بلوچستان ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 5ستمبر 2014کو جج سپریم کورٹ کا حلف اٹھایا تھا ۔