اسلام آباد(ای پی آئی) پاکستان کے لیے اعزاز، امریکہ میں پی ایچ ڈی ریسرچ سکالرپاکستانی شہری ڈاکٹر امتیاز نے گریجویٹ سکول ریسرچ ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
ان کو ان کی نمایاں تحقیقی خدمات کے اعتراف میں گریجویٹ اسکول ریسرچ ایوارڈ دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر امتیاز علی اس وقت اینیمل جینیٹکس کے شعبے میں پی ایچ ڈی کر رہے ہیں اور ان کی تحقیق ’’اینمل ڈیزیز ایپیڈیمیالوجی‘‘ اور ’’پریسیژن لائیو اسٹاک فینوٹائپنگ‘‘ جیسے اہم شعبوں پر مرکوز ہے۔
ان کی تحقیق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مویشیوں کی صحت اور پیداوار میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
یہ ایوارڈ اُن طلبہ کو دیا جاتا ہے جو تحقیق کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے شعبے میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ ڈاکٹر امتیاز علی کی یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور علمی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر امتیاز علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعزاز پر نہایت شکر گزار ہیں اور یہ ایوارڈ پاکستان کے نام کرتے ہیں اور اپنی کامیابی کا سہرا اپنے اساتذہ، بالخصوص اپنی سپروائزر کی رہنمائی اور تعاون کو دیتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی تحقیق کے میدان میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور ایسے منصوبوں پر کام کریں گے جو معاشرے اور زرعی شعبے کے لیے مفید ثابت ہوں۔تعلیمی اور سائنسی حلقوں نے ڈاکٹر امتیاز علی کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے نوجوان محققین کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر امتیاز کا تعلق چک نمبر 4/MR مخدوم رشید ملتان سے ہے۔ باصلاحیت طالب علم ریسرچ سکالرڈاکٹر امتیاز علی، جو کہ ٹبہ سلطان پور میں بطور ویٹرنری آفیسر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔۔۔


