وفاقی حکومت نے ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا تعینات کر دیا، جبکہ محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات بھی خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ دونوں تقرریوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کی بطور چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور وہ تاحکمِ ثانی اس عہدے پر خدمات انجام دیں گے۔
ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں۔ وہ اس سے قبل وفاقی وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن میں سیکریٹری تعینات تھے۔ ان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مردان سے ہے۔ وفاقی حکومت نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن 11 اکتوبر 2026 کو جاری کیا۔
دوسری جانب پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات بھی خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ وہ اس سے قبل وزیراعظم آفس میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر تعینات تھے۔
محمد یحییٰ اخونزادہ کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے۔ وہ ماضی میں جنوبی اور شمالی وزیرستان میں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ کے علاوہ خیبر پختونخوا میں سیکریٹری صحت، سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری تعلیم اور کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کی گئی ہیں اور یہ انتظام تاحکمِ ثانی مؤثر رہے گا۔


