ممبئی (ای پی آئی)انڈین فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل اور غدر 2 کے ڈائریکٹر انیل شرما کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔ امیشا نے سوشل میڈیا پر ویڈیو ثبوت پیش کرتے ہوئے انیل شرما کے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیا ہے کہ فلم کے کلائمکس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کئی ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انیل شرما انہیں فلم کے کلائمکس کی تفصیلات بتاتے نظر آ رہے ہیں۔ویڈیو میں واضح طور پر دکھایا گیا کہ فلم کے اصل اسکرپٹ کے مطابق، امیشا کا کردار سکینہ ہی فلم کے ولن کو اس وقت مارتی ہے جب وہ غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوتا ہے۔

انیل شرما کے حالیہ انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے، امیشا پٹیل نے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا، ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں انیل شرما واضح طور پر مجھے بتا رہے ہیں کہ میں فلم کے ولن کو ماروں گی، تو اب وہ کیا کہیں گے؟ چونکہ شاید یہ ویڈیو ان کی نظر سے نہیں گزری، میں اسے ٹوئٹر پر شیئر کر رہی ہوں۔

اداکارہ نے تین ویڈیوز اپلوڈ کرتے ہوئے پہلے حصے میں لکھا، یہ رہا پہلا حصہ، جس میں انیل مجھے صاف صاف بتا رہے ہیں کہ میں ہی فلم کے کلائمکس میں ولن کو ماروں گی!! اب میں دوسرا اور تیسرا حصہ بھی شیئر کر رہی ہوں!! اب انیل کیسے کچھ اور دعوی کر سکتے ہیں؟ ویڈیو ہی سب سے بڑا ثبوت ہے۔