اسلام آباد(ای پی‌آئی ) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصورعلی شاہ کابینچ اچانک جمعرات کے روز ڈی لسٹ کردیا گیا۔

جسٹس سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل 2رکنی بینچ نے جمعرات کے روز سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 2میں کیسز کی سماعت کرنا تھی تاہم اچانک بینچ ڈی لسٹ کردیا گیا۔ بینچ ڈی لسٹ ہونے کی وجہ سے درخواست گزاروں اور وکلاء کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑا۔

آج جاری ترمیمی کاز لسٹ کے مطابق جسٹس سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل 2رکنی بینچ کل (جمعہ)کے روز کیسز کی سماعت کرے گا۔ جبکہ جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک نے جمعرات کے روز کمرہ عدالت نمبر3کی بجائے کمرہ عدالت نمبر 2میں کیسز کی سماعت کی۔

جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس ملک شہزاداحمد خان اور جسٹس صلاح الدین پنہور پر مشتمل 3رکنی بینچ نے کمرہ عدالت نمبر5کی بجائے کمرہ عدالت نمبر3میں کیسز کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7رکنی آئینی بینچ نے کمرہ عدالت نمبر 3کی بجائے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے کیس کی سماعت کمرہ عدالت نمبر 4 میں ہی کی۔ جبکہ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 5میں کیسز کی سماعت کی۔