1
کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کا آپریشن تاحال جاری ہے، کلیئرنس آپریشن میں 155 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا جبکہ 27 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، کلیئرنس آپریشن کے باعث دہشتگرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔
باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کیلئے سکیورٹی فورسز کوشاں ہیں، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں، دہشت گردوں نے خودکش بمبار دہشت گردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل ساتھ بٹھایا ہوا ہے، خودکش بمبار دہشت گرد خود کش جیکٹس پہنے ہوئے ہیں۔
ممکنہ شکست کے پیش نظر دہشت گرد خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، سکیورٹی فورسز معصوم یرغمالیوں میں خود کش بمباروں کی موجودگی کے باعث انتہائی اختیاط سے کام لے رہی ہیں۔
2
جعفر ایکسپریس حملہ: محسن نقوی کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ، مکمل تعاون کی یقین دہانی ,وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے رابطہ کیا اور افسوسناک واقعہ پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے بلوچستان حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں رہنماؤں نے مؤثر آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پروزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کو ہر طرح کا تعاون کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان دلیر آدمی ہیں اور ہم مل کر دہشتگردوں کا صفایا کریں گے، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔
3
ہائیکورٹس میں سپر ٹیکس سے متعلق زیر التواء اپیلیں سپریم کورٹ منتقلی کا حکم ,جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بنچ نے سپر ٹیکس کے نفاذ کیخلاف کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز میں وکلاء کی جانب سے لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹس میں اسی نوعیت کی انٹرا کورٹ اپیلیں زیر التوا ہونے کی نشاندہی کی گئی۔نجی کمپنیوں کے وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پاس زیرالتواء مقدمات اپنے پاس منتقل کرنے کا آئینی اختیار موجود ہے، آئینی ترمیم کے بعد مقدمات کی منتقلی کا اختیار واضح کر دیا گیا ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا مقدمات منتقلی کیلئے کسی تحریری درخوست کی ضرورت ہوگی؟جس پر مخدوم علی خان کا کہنا تھا کہ عدالت کی استدعا بھی زبانی درخواست شمار ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ عدالت سوموٹو اختیار استعمال کرتے ہوئے بھی مقدمات منتقل کر سکتی ہے، مقدمات منتقلی کے اختیار کو آرٹیکل 187 کے ساتھ ملا کر دیکھا جائے گا۔بعدازاں عدالت نے سپر ٹیکس کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی
4
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کسی ملک کا آئین کے مطابق نہ چلنا سنگین جرم ہے۔جو بھی چیزیں ہو رہی ہیں وہ آئین کے خلاف ہیں، کل میں نے سینیٹ میں اپنی تقریر میں آئینی نکات اٹھائے، سینیٹ کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین یا صدر کے جو الیکشن ہوئے یہ ایک لحاظ سے غیر آئینی ہیں۔
جن شقوں کا حوالہ دیا گیا ہے یہ واضح ہے کہ ان شقوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے، یہ جو آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے اس معاملے کو ہم سپریم کورٹ لے کر جا رہے ہیں۔جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو ,جب کسی طریقہ کار کے بغیر آئین میں تبدیلیاں کر دی جائیں تو آئین محض کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ جاتا ہے، مختلف کیسز کی آج سماعت ہوئی جن میں سے اکثر کیسز کی لاہور ہائیکورٹ سے ضمانتیں ہو چکی ہیں۔
5
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔انسداد ِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں بشریٰ بی بی کی 2 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، بشریٰ بی بی کی جانب سے انصر کیانی اور شمسہ کیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور شامل تفتیش ہونے کیلئے درخواست دائر کی گئی، وکیل صفائی نے استدعا کی کہ تفتیشی کو باقاعدہ ہدایات دیں کہ وہ بشریٰ بی بی سے جیل میں تفتیش کرے۔جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا کہ میں آج آرڈر میں لکھ دوں گا کہ بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کیا جائے۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی تھانہ سیکرٹریٹ کے مقدمے میں عبوری ضمانت میں 28 اپریل تک اور تھانہ کراچی کمپنی کے مقدمے میں 29 اپریل تک توسیع کر دی۔
6
شمالی وزیرستان میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان یوسف کریم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع بھر میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہو گی۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق اسلحہ رکھنے کا اتھارٹی لیٹر بھی منسوخ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ تمام غیر قانونی وائیفائی ڈیوائس اور غیر رجسٹرڈ سم بند کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
7
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل ملک ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے، سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی بھی حاضری لگوانے کیلئے عدالت پہنچے۔ایڈووکیٹ فیصل ملک نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا عدالتی مصروفیات کے باعث جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر رہے ہیں، سماعت آج اڈیالہ جیل میں مقرر تھی، آج صبح بتایا گیا سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے اے ٹی سی راولپنڈی میں ہوگی۔بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔
8
6 امیدواروں نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے نتائج کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔وکیل نے موقف اپنایا ہے کہ درخواست گزار کامران نے تحریری امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی، من پسند امیدواروں کو کامیاب قرار دینے کے لئے درخواست گزار کو انٹرویو میں جان بوجھ کر کم نمبر دیئے گئے۔
وکیل ملک الطاف جاوید ایڈووکیٹ نے مزید کہا ہے کہ جن امیدواروں کے تحریری امتحان میں نمبر کم تھے ان کو انٹرویو میں زیادہ نمبر دیئے گئے، سندھ پبلک سروس کمیشن 2023 کے رولز کے مطابق اکثریتی امیدوار فیل ہیں، مجموعی طور پر 66 فیصد سے کم نمبر لینے والے امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا۔بعدازاں عدالت نے سندھ حکومت، سندھ پبلک سروس کمیشن اور ممبر اپیل ایس پی ایس سی کو نوٹس جاری کردیئے اور فریقین سے 24 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔
9
سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا پر جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) ٹیم نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب اور علیمہ خان کو طلب کر لیا۔ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا سے متعلق پی ٹی آئی کے 2 رہنماؤں کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے گئے، نوٹس وصول کرنے والوں میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان شامل ہیں، جے آئی ٹی نے علیمہ خان کو آج 12 مارچ 2025 کو ہی پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق عمر ایوب کو جے آئی ٹی نے کل 13 مارچ 2025 کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا۔
10
پنجاب اسمبلی کے بدھ کو ہونیوالے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا .ایجنڈا کے مطابق پنجاب اسمبلی سے کمیٹیوں کے تجویز کردہ 6 بل منظور کروائے جائیں گے، کمیٹیوں کے تجویز کردہ 6 بل وقت کم ہونے کے باعث ملتوی کئے گئے تھے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس تلاوت قرآن پاک، نعت اور قومی ترانہ سے شروع ہو گا، محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور محکمہ کوآپریٹو پوچھے گئے سوالات کے جواب دے گا۔محکمہ سپیشل ایجوکیشن کا وقفہ سوالات وقت کم ہونے کے باعث ملتوی کیا گیا تھا، اجلاس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2025 منظور کروایا جائے گا۔اجلاس میں دی پنجاب گداگری (ترمیمی) بل 2025 ، نوٹریز (ترمیمی) بل 2025 ، صوبائی موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل منظور کروایا جائے گا۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پنجاب سہولت بازار اتھارٹی بل 2025 منظور کروایا جائے گا، امن و امان پر عام بحث کا آغاز کیا جائے گا۔
11
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کی قیادت اور حامی وکلاء کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیسز میں ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیسز پر سماعت کی، پی ٹی آئی کے لطیف کھوسہ، شبلی فراز، سلمان اکرم راجا اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل صفائی کا موقف تھا کہ ہم نے سی سی ٹی وی کے حصول کیلئے درخواست دی ہے مگر ابھی تک کچھ نہیں ہوا، عدالت سی سی ٹی وی فوٹیجز کے حوالے سے آرڈر دے۔شبلی فراز نے کہا کہ ہم شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں مگر بیان ریکارڈ نہیں ہو رہا۔عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 5 مئی تک توسیع کر دی،
12
جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج اے ٹی سی کمپلیکس راولپنڈی میں ہوگی .ذرائع کے مطابق کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ کریں گے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک جبکہ سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت پیش ہوں گے ۔
13
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں گھر پر فائرنگ کر کے میاں بیوی کو قتل کر دیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الآصف سکوائر کے قریب گھر میں موجود میاں بیوی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق خاتون کی شناخت گل بی بی اور مرد کی محمد اعظم کے نام سے ہوئی ہے۔
14
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، 400 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 14 ہزار 661 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا۔
15
جلیبیاں بیچنے والے فٹبالر محمد ریاض کو وزیراعظم نے بلا لیا ہنگو میں قومی فٹبالر محمد ریاض کی جلیبیاں بیچنے کی خبر مختلف نیوز چینلز پر چلائی گئی تھی جس کے بعد اب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فٹبالر کو وزیرِ اعظم ہاؤس بلا لیا ہے۔محمد ریاض کا کہنا ہے کہ نیوز چینلز کا مشکور ہوں جنہوں نے ہماری آواز اعلیٰ حکام تک پہنچائی۔ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان کے مطابق آج دوپہر 2 بجے وزیرِ اعظم ہاؤس میں شہباز شریف کے ساتھ فٹبالر کی ملاقات ہو گی،
16
بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی خاندانی جائیدادیں، بینک اکاؤنٹس ضبط ,بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈھاکہ عدالت نے حسینہ واجد کے دھانمنڈی علاقے میں واقع گھر جسے ’سوداسدھن‘ کہا جاتا ہے کو خاندان کے دیگر افراد کی ملکیتی جائیدادوں سمیت ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔رپورٹ کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ عدالت نے ان کے خاندان سے تعلق رکھنے والے 124 بینک اکاؤنٹس کو بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔