1
ٹڈاپ کرپشن کیس: یوسف رضا گیلانی سمیت 40 ملزمان 3 مقدمات میں بری ,ٹڈاپ کرپشن کیس کی وفاقی اینٹی کرپشن عدالت میں سماعت ہوئی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔جج نے یوسف رضا گیلانی سے مکالمے میں کہا کہ آپ کے خلاف 3 مقدمات کا فیصلہ ہے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے جواب میں کہا کہ جی پتہ ہے۔عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ آپ کس جیل میں جانا چاہیں گے، کراچی، ملتان یا اسلام آباد؟ یوسف رضا گیلانی نے جواب دیا کہ مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں، ہمارے لیے جیل نئی بات نہیں ہے، چاہیں تو مجھے پھانسی دے دیں۔
اینٹی کرپشن کورٹ کے جج نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ کو گھر کی جیل کیوں پسند نہیں؟ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرا آبائی گھر ملتان میں ہے، فیملی لاہور اور سینیٹ آفس اسلام آباد میں ہے۔عدالت نے ریمارکس میں کہا تو آپ بتائیں، کورٹ تو کراچی میں ہے، چیئرمین سینیٹ نے جواب دیا کہ پھر کہا جائے گا کہ ان کی جماعت کی سندھ میں حکومت ہے۔عدالت نے کہا کہ گیلانی صاحب آپ کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، آپ بس با عزت بری ہیں، آپ کے خلاف گواہی دینے والے اب خود ملزم بن گئے ہیں۔بعدازاں وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے 3 مقدمات میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت 40 سے زائد ملزمان کو بری کر دیا۔
2
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مجھ پر کیس ہماری موجودہ اتحادی حکومت نے ہی بنایا تھا، ہمیں ان پر کوئی گلہ نہیں، ہم حکومت کی مکمل سپورٹ کریں گے، اتحادی حکومت کو بیک سٹیب نہیں کریں گے، صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو مل کر اپنا مؤقف بیان کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ کل سینیٹ کے ایک اور ممبر کو اٹھا لیا ہے، وفاقی اور پنجاب حکومت سے کہوں گا ان کو حاضر کریں، کل اگر وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے تو پروڈکشن آرڈر جاری کروں گا۔میں ہر کام آئین کی کتاب کے مطابق کرتا ہوں، میں ہمیشہ قانون کے مطابق چلا ہوں، کل دیکھا کہ بہت سارے ٹاک شوز ہو رہے تھے، پلانٹڈ لوگ بیٹھے تھے، لوگ کہہ رہے ہیں یہ سیر سپاٹا تو کرتے ہیں ہاؤس میں نہیں بیٹھتے، آفیشل دوروں پر جانا ضروری ہےکیس کی سماعت کے بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو
3
وزیراعظم شہباز شریف نے سول سرونٹ پروموشن رولز میں تبدیلی کر دی .سول سرونٹ پروموشن رولز میں تبدیلی کے حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نیا ایس آر او جاری کر دیا۔نئے ایس آر او کے مطابق گریڈ 22 میں پروموشن کیلئے کسی افسر کا کیس صرف 2 مرتبہ زیر غور آ سکتا ہے، اگر 2 مرتبہ کیس زیر غور آنے پر پروموشن نہ مل سکی تو دوبارہ کیس زیر غور نہیں آئے گا، کسی بھی سروس گروپ کا افسر پھر اپنے پچھلے گریڈ میں ہی ریٹائر تصور ہوگا۔
4
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ٹرمپ کے بیان کا براہ راست فائدہ کاروباری طبقے کو ہوگا۔میرا تعلق کاروباری خاندان سے ہے اور میری نظر میں لانچ پیڈ کی تشکیل خوش آئند ہے۔ کاروباری طبقے کو صنعتی علاقوں کے اطراف اچھا اور امن و امان والا ماحول چاہیے، صوبائی قوانین اور وزارت صنعت کی کوآرڈینیشن بہتر ہونی ضروری ہے، کاروباری طبقے کو احساس ہو کہ حکومت ان کے ساتھ ہے تو معیشت زیادہ تیزی سے آگے بڑھے گی۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا، پاکستان کے ساتھ آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کی بات کی، انہوں نے صدر بننے کے بعد پاکستان کی تعریف کی اور تعاون کی بات کی۔کراچی میں ایف پی سی سی آئی کی لانچ پیڈ سافٹ لانچنگ کی تقریب سے خطاب
5
آئی ایم ایف نے کیپٹو پاور پلانٹس پر گیس ٹیرف نہ لگنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔آئی ایم ایف سے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف نے کیپٹوپاور پلانٹس پرگیس ٹیرف نہ لگنے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے فوری لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔پٹرولیم ڈویژن نے آئی ایم ایف حکام کو وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ٹیرف کو بیک ڈیٹ میں یکم جنوری سے نافذ کردیں گے جس پر آئی ایم ایف حکام نے مؤقف اپنایا کہ بیک ڈیٹ نوٹیفائی ہونے سے قانونی چارہ جوئی کا خدشہ ہے ، بیک ڈیٹ کے بجائے گیس ٹیرف فوری نوٹیفائی کیا جائے۔آئی ایم ایف نے کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گرڈ ٹرانزیشن لیوی کے نفاذ کی بھی ہدایت کی جبکہ پاور سیکٹر میں گردشی قرض کنٹرول کرنے کے اقدام کی تعریف کی۔
6
عمران خان سے وکلاء و پارٹی رہنماؤں کی ملاقات نہ کرانے کا معاملہ پھر عدالت پہنچ گیا .اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمرایوب نے بانی سے ملاقاتیں نہ کروانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ، درخواست میں سیکرٹری داخلہ، ہوم سیکرٹری پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایاگیاہے، درخواست پی ٹی آئی رہنماء شعیب شاہین ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء کے ذریعے دائر کی گئی۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ اپوزیشن لیڈر ہوں اور ملک کی بڑی سیاسی جماعت کی نمائندگی کرتاہوں، بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں، قانونی اور پارٹی معاملات میں مشاورت کی ضرورت ہوتی ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے ملاقاتوں کیلئے ایس او پیز بنانے کا حکم دیاتھا، عدالتی احکامات پر شیڈول بنانے کے باوجود ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جارہی، عدالت نے ملاقاتوں کے حوالے سے 22نومبر2024ء کو احکامات جاری کیے تھے۔
درخواست گزار نےا ستدعا کی کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کارروائی شروع کی جائے، عدالتی احکامات کے مطابق وکلاء اور پارٹی رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کا حکم دیاجائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ6 ستمبر اور 25 اکتوبر 2024 کے فیصلوں کی خلاف ورزی پر عدالت فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرے، عدالت جیل حکام کو ہدایت دے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے ساتھ اسی دن وکالت نامے بھی دستخط کرنے کی اجازت دی جائے۔
7
پاکستان کا سلامتی کونسل میں یمن کیلئے مذاکرات اور فوری انسانی امداد پر زور ,سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان کو یمن میں بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، یمن تنازع سنگین انسانی، سیاسی، اقتصادی اور ماحولیاتی بحران کو جنم دے رہا ہے۔
منیر اکرم نے کہا ہے کہ یمن میں ایک کروڑ سے زائد افرادغذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں، یمن میں فی الوقت 1.95 کروڑ افراد کو فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے ۔فریقین امن معاہدوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں، غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد اور تحفظ ضروری ہے، غزہ میں مستقل جنگ بندی سے خطے میں استحکام کو فروغ ملے گا۔ پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم
8
صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اور قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا .صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10 مارچ (بروز پیر) سہ 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے۔آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 اور آرٹیکل 56 کی شق 3 کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مارچ کو طلب کیا ہے۔ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کا اجلاس 11 مارچ (بروز منگل) دن ساڑھے 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے، صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت طلب کیا ہے۔
9
سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کے کیس میں حکومت کو روزانہ کی بنیاد پر ہونیوالی پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کاحکم دے دیا۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بنچ نے ارشد شریف قتل کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر ، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال بنچ کا حصہ تھے۔سماعت شروع ہوئی تو وفاقی حکومت نے کینیا کیساتھ باہمی قانونی امداد کے معاہدے کی توثیق کیلئے وقت مانگ لیا ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ ایک ماہ میں صدر سے معاہدے کی توثیق کروا لی جائے گی، کینیا کیساتھ باہمی قانونی امداد کا معاہدہ ہوچکا ہے، معاہدے کے مطابق اس کی توثیق کا عمل جاری ہے۔سپریم کورٹ نے کیس میں پیشرفت میں سست روی پر سوالات اٹھا تے ہوئے کہا کہ 10 دسمبر کو معاہدہ ہوا آج تک توثیق کیوں نہیں ہوسکی؟ کیا آپ سے روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت رپورٹ مانگیں؟ تین ماہ بعد بھی وقت مانگا جا رہا ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ رسائی اسی صورت میں ممکن ہوگی جب باہمی قانونی معاہدہ ہوگا، پاکستان میں تیس سے زائد افراد کے بیان ریکارڈ ہوچکے ہیں جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کئی سال سے سوموٹو زیرالتواء ہے۔
ارشد شریف کی والدہ کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ حکومت نے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کروائی تھی، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کی کاپی فراہم کی جائے جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میڈیا میں آنے سے پہلے ہی سارا مسئلہ بنا ہوا ہے۔بعدازاں عدالت نے ارشد شریف قتل کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی۔
10
امریکا نے کہا ہے کہ شریف اللہ کی گرفتاری کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف امریکا اور پاکستان کے تعلقات بہت اہم ہیں، امریکا نے دہشتگرد کی گرفتاری پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا۔انصاف کیلئے شریف اللہ کو امریکا منتقل کیا گیا، شریف اللہ 13 امریکیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ہے، صدر ٹرمپ پہلے امریکا کی پالیسی کو جاری رکھیں گے۔
11
ٹرمپ کی حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے بات کی تصدیق ,میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات کی ہے، حماس کو غزہ میں قید تمام یرغمالیوں کو رہا کرنا ہو گا۔ یوکرین کی مدد کیلئے اربوں ڈالرز دیئے، چاہتا ہوں روس اور یوکرین کے درمیان جلد جنگ بندی کا معاہدہ ہو جائے، چینی صدر کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، ٹک ٹاک میں دلچسپی ہے، امید ہے کہ چین کے ساتھ معاملات طے پا جائیں گے۔ ٹک ٹاک سمیت غیرملکی ایپس پر پابندی سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے، سٹیل اور ایلومینیم پر محصولات میں ترمیم نہیں کی جائے گی۔
12
شہر قائد میں محنت کش کے بھائی کو اغوا کرکے 6 کروڑ تاوان طلب کر لیا گیا۔منگھو پیر سے نامعلوم اغوا کاروں نے محنت کش کے چھوٹے بھائی کو اغوا کیا، پولیس نے رشید اللہ کی مدعیت میں اس کے چھوٹے بھائی کو اغوا کر کے تاوان طلب کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔رشید اللہ نے مقدمے میں بتایا کہ میرا چھوٹا بھائی 17 سالہ عابد اللہ نویں جماعت کا طالب علم ہے اور وہ عشاء کی نماز پڑھنے کے لیے نکلا جس کے بعد رات 10 بجکر 47 منٹ پر میرے چھوٹے بھائی عابد اللہ کے فون سے میرے فون پر کال آئی مگر دوسری طرف کوئی اور شخص تھا۔انہوں نے فون پر کہا آپ کا بھائی ہمارے پاس ہے اور 6 کروڑ روپے ہمیں دو تو بھائی کو چھوڑ دیں گے، پیسوں کا بندوبست 2 سے 3 دن میں کرو اور اپنی بتائی ہوئی جگہ پر آپ کو بلوائیں گے۔درخواست گزار نے کہا کہ دھمکی دی گئی کہ پیسے نہ دینے پر اگر پولیس کے پاس گئے یا پولیس کو اطلاع ملی تو بھائی کو قتل کردیں گے۔