1
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس سعودی عرب کے شہر جدہ میں او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا، اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک نے شرکت کی جہاں پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔
اجلاس کے دوران فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت، جبری نقل مکانی اور ان کی سرزمین پر الحاق کے منصوبوں پر گفتگو کی گئی، وزرائے خارجہ نے متفقہ طور پر عرب منصوبے کے تحت غزہ کی تعمیر نو کی حمایت کی اور فلسطینی عوام کو جبراً غزہ سے بےدخل کرنے کے کسی بھی بیان کو مسترد کر دیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کیساتھ ہے اور عرب لیگ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ غزہ کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں پر جاری مظالم بند کرے اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔
2
صدر مملکت اور وزیراعظم کا خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ ,صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف حصہ ہیں، خواتین معاشرتی، اقتصادی اور سیاسی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، قومی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہم اس امر کی تجدید کرتے ہیں کہ خواتین ہمارے معاشرے کی معمار، ہمارے گھروں کا ستون، اور ہمارے مستقبل کو استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
3
خیبرپختونخوا بارڈر چیک پوسٹ پر رواں ہفتے خارجی دہشتگردوں کا دوسرا حملہ ناکام ,ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 سے 20 خوارجی دہشت گردوں نے سرحدی چوکی لکھانی پر سحری کے وقت اچانک حملہ کیا، خوارجی دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں کی شکل میں چیک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے، خوارجی دہشت گردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز اور بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔
جوانوں کے الرٹ ہونے کے سبب تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی دور سے نشاندہی کر لی گئی، پولیس اہلکاروں نے بروقت مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی، بھرپور جوابی کارروائی سے خوارجی دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے اور پسپائی اختیار کر گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے والے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اس سے پہلے بھی خوارجی دہشت گردوں کے 19 حملے ناکام بنا چکی ہے، دہشتگردوں کو ہر محاذ پر شکست دیں گے، پنجاب پولیس ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔
5
سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں آپریشنز، 10 دہشتگرد گرفتار ,ترجمان سی ٹی ڈے کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 73 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گرد گرفتار ہو ئے۔سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ کارروائیاں راولپنڈی ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب ، بہاولنگر ، رحیم یار خان ، راجن پور ، بھکر اور جہلم میں کی گئیں ، خوشاب اور جہلم سے ٹی ٹی پی کے دو خطرناک دہشت گرد بارودی مواد سمیت گرفتار ہوئے۔حکام کے مطابق دہشتگردوں سے دھماکہ خیز مواد، ایک آئی ای ڈی بم، 19 ڈیٹونیٹرز ،35 فٹ حفاظتی فیوز تار، پمفلٹ، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے، دہشت گردوں کی شناخت ریاض ،شفیق ، رشید ، جاوید، ظہیر ، ظہیر الدین، حفیظ، وزیر ، آصف اور وحید کے نام سے ہوئی۔
6
پاکستان کا آئی ایم ایف کا کاربن لیوی لگانے کا مطالبہ ماننے سے انکار ,حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ موجودہ پٹرولیم لیوی کو تین سال کے دورانیے میں 60 روپے فی لٹر سے بڑھا کر 70 روپے فی لٹر کیا جائے جس کے لیے پہلے سال میں تین روپے فی لٹر اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
اس طرح حاصل ہونے والی رقم کو گرین انرجی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ آئی ایم ایف یہ بھی چاہتا ہے کہ انٹرنل کمبشن انجن والی کاروں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا جائے اور اس اضافے کو کاربن لیوی قرار دیا جائے۔ذرائع کے مطابق کوئلے پر کاربن لیوی لگانے پر بھی مسائل ہیں کیونکہ یہ ایک صوبائی سبجیکٹ ہے جبکہ ایف بی آر نے کاروں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کی حمایت کی۔
7
اسلام آباد: ریڈزون کے داخلی و خارجی راستے تاحکم ثانی بند ,8 مارچ 2025 کو لا اینڈ آرڈر کے پیش نظر ریڈ زون کے ایکسپریس چوک اور سرینہ ہوٹل کے داخلی و خارجی راستے تاحکم ثانی عارضی طور پر بند رہیں گے۔اس دوران ٹریفک کے لیے نادرا، میریٹ اور مارگلہ روڈ استعمال کیے جا سکتے ہیں جبکہ کلب روڈ سے ریڈ زون جانے والی ٹریفک سیونتھ ایونیو کا استعمال کر سکتی ہے۔
8
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سفری پابندیوں کی فہرست میں نام شامل کرنے کے خلاف کیس میں سیکرٹری داخلہ سے جواب طلب کر لیا۔کچھ عرصہ قبل لاپتا ہونے والے نوجوان فیضان عثمان کی فیملی کے کیس میں جسٹس بابر ستار کی جانب سے سماعت کا تین صفحات کا تحریری حکم جاری کردیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ سے بیان حلفی طلب کر لیا، عدالت نے 13 سالہ بچے سمیت فیملی کے 9 میں سے 7 ارکان کے نام ای سی ایل میں رکھنے کا نوٹیفکیشن بھی معطل کر دیا۔حکم نامے کے مطابق وزارت داخلہ حکام عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے کہ انہوں نے کیا سکروٹنی کی؟ کابینہ کمیٹی کو نام بھیجوانے کے لئے کیا ورکنگ پیپر تیار کیا عدالت کو نہیں بتایا گیا، عدالت نے وزارت داخلہ کی جانب سے کابینہ کمیٹی کو بھجوایا جانے والا ورکنگ پیپر بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
9
پاکستان کے زرعی مستقبل کیلئے محفوظ شہیدکنال کی تعمیرناگزیر قرار ,گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت چولستان کے بنجر علاقوں کو قابل کاشت بنانے کے لیے محفوظ شہید کنال تعمیر کی جا رہی ہے، محفوظ شہید کینال کی تعمیر نیشنل واٹر پالیسی 2018 کےعین مطابق ہے ، محفوظ شہیدکنال سلیمانکی ہیڈورکس سے فورٹ عباس تک تعمیر کی جائے گی۔
محفوظ شہیدکینال صرف پنجاب کے شیئر کا پانی استعمال کرے گی، 176 کلومیٹرطویل یہ نہر دریائےستلج پر بنائی جائے گی ، حکومت پنجاب نے اس منصوبے کے لیے 1.2 ملین ایکڑ زمین لیزپردی جبکہ225.34 ارب روپے مختص کیے ، جون سےاکتوبر تک اس کینال میں اضافی سیلابی پانی کااستعمال ہوگا جبکہ باقی دو ماہ پنجاب کے شیئر سے پانی لیا جائے گا۔محفوظ شہیدکینال میں پانی کی مقدار 4120 کیوسک ہو گی ، اگلے مرحلے میں فورٹ عباس سے مروٹ اور فورٹ عباس سے ڈھنڈوالا تک بالترتیب 120 اور 132کلومیٹر کینالزبنائی جائیں گی جو اسی کینال کاحصہ ہیں ، ان منصوبوں کی تکمیل سے لاکھوں ایکڑ زمین کوسیراب کیا جا سکےگا۔
10
کشمیر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو سلام جو آزادی کیلئے سب کچھ قربان کر چکی ہیں۔ آج خواتین کا دن مناتے ہوئے آنکھوں کے سامنے مظلوم ،لاچار کشمیری بہنیں ہیں ، کشمیر کی خواتین کو سلام جوآزادی کےلیے سب کچھ قربان کرچکی ہیں، یہی خواتین ہماری ہیرو ہیں اور ان سے ہی قومیں وجود میں آتی ہیں۔آج خواتین کے عالمی دن پر مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو نہ بھولے ، خواتین کے کارناموں کی بات ہو رہی ہے وہیں مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عورت بھی توجہ چاہتی ہے، ہزاروں خواتین زندگی سے گئیں ،ہزاروں کے سہاگ اجڑ گئے ، لاکھوں کی عزت قربان،بیٹیاں مائیں درندگی کا نشانہ بن گئیں۔
11
سیکرٹری داخلہ نے پنجاب میں 4 جیل افسروں کے تبادلے کر دیئے .محمد جہانگیر کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ جبکہ کاشف رسول ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل ساہیوال تعینات کر دیا گیا۔حسن نواز سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن تعینات، محمد علی خان سینئر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال تعینات ہو گئے۔
12
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ,ملاقات میں کیبل آپریٹرز کے مسائل، ان کے حل، کیبل انڈسٹری کو درپیش مالی و قانونی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو کیبل آپریٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، وفاقی وزیر اطلاعات نے متعلقہ حکام کے ذریعے کیبل آپریٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
13
ایران نے کہا ہے کہ اسے ابھی تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے حوالے سے کوئی خط موصول نہیں ہوا، موجودہ صورتحال میں امریکا سے براہ راست مذاکرات نہیں ہوسکتے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ نے خط میں ایرانی قیادت سے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ وہ مذاکرات کرنا چاہیں گے کیونکہ یہ ایران کے لیے بہتر ہو گا۔
تاہم ایران نے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے حوالے سے ٹرمپ کے کسی خط کے موصول ہونے کی تردید کی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق ایران کے سفارت خانے کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ابھی تک ایسا کوئی خط موصول نہیں ہوا۔اس کے علاوہ ٹرمپ کا خط پہنچنے کی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر کی جانب سے بھی تصدیق نہ ہو سکی۔دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراغچی نے کہا ہے کہ جب تک ایران پر امریکا کی سخت پابندیاں برقرار ہیں تب تک ایران امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات نہیں کرے گا۔
14
بلوچستان: محکمہ خوراک کے گوداموں میں گندم کی 8 لاکھ بوریاں خراب ہونے کا خدشہ ,محکمہ خوراک بلوچستان نے 2 سال قبل گندم کی 10 لاکھ بوریاں زمینداروں سے خرید کر سٹاک کیں تا کہ گندم کی کمی کی صورت میں فلور ملز مالکان کو دی جا سکیں۔تاہم گزشتہ سال گندم کی اچھی فصل ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں آٹا اور گندم وافر مقدار میں موجود رہا، اب بلوچستان میں محکمہ خوراک کے گوداموں میں 8 لاکھ بوریاں گندم موجود ہیں اور محکمہ خوراک کے گوداموں میں بہتر سہولیات نہ ہونے سے یہ گندم خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
15
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء کی تیاریوں کیلئے وائٹ ہاؤس میں ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے۔امریکی صدر نے کہا کہ یہ سب سے بڑا ایونٹ ہے، اس ایونٹ میں شرکت کا ارادہ رکھتا ہوں، ایونٹ سے 40 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی اثر پڑے گا، امریکا پہلی بار کلب ورلڈ کپ 2025ء کیلئے بھی تیار ہے، ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر نے کلب ورلڈ کپ کی ٹرافی کی ڈیزائن کی رونمائی کی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹورنامنٹ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 104 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل میچ 19 جولائی 2026 کو نیوجرسی کے میٹ لائف سٹیڈیم میں ہوگا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ٹاسک فورس کی سربراہی خود کریں گے جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس نائب سربراہ ہوں گے، یہ ٹیم وفاقی حکومت کی مختلف ایجنسیوں کے تعاون سے ٹورنامنٹ کی سکیورٹی اور منصوبہ بندی کی نگرانی کرے گی۔
16
ٹیسلا کے سی ای او، امریکا کے محکمہ برائے حکومتی کارکردگی کے رکن ایلون مسک اور امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کےدرمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے۔رپورٹ کے مطابق کابینہ اجلاس میں صدر ٹرمپ کی موجودگی میں ایلون مسک نے مارکو روبیو پر کڑی تنقید کی۔ایلون مسک نے مارکو روبیو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ سٹاف کم کرنے میں ناکام رہے ہیں، آپ نے میرے شعبہ ڈوج کے ایک اہلکار کے سوا کسی کو نہیں نکالا۔جس پر امریکی وزیرخارجہ روبیو نے جواب دیا کہ مسک سچ نہیں بول رہے، محکمہ خارجہ کے 1500 ملازمین نے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لی ہے اور پھر انہوں نے طنز کیا کہ کیا انہیں واپس بلا کرنوکری سے نکال کر دکھاؤں۔
17
اسلامی تعاون تنظیم کا عرب منصوبے کے تحت غزہ کی تعمیر نو کی حمایت کا اعلان ,جمعہ کو جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کی، اجلاس میں رکن ممالک نے عرب منصوبے کے تحت غزہ کی تعمیر نو کی حمایت کی۔سربراہ او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ کا کہنا تھا کہ عرب لیگ کی جانب سے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کی حمایت کرتے ہیں، فلسطینی عوام کی جبراً نقل مکانی جیسے بیانات کو مسترد کرتے ہیں۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم بند کرے، پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔اجلاس کے اختتام پر عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اعلان کیا تھا کہ مصر کا منصوبہ اب ایک عرب منصوبہ بن چکا ہے۔