اسلام آباد (ای پی آئی): تھنڈر انرجی لمیٹڈاور نوکیا نے موبائل ورلڈ کانگریس 2025 میں ٹیلی کام سیکٹر میں انرجی انٹیلی جنس کے حوالے سے انقلابی تبدیلیوں کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کیے ہیں۔تھنڈر انرجی ایک جدید اے آئی پاورڈ انرجی انٹیلی جنس پلیٹ فارم فراہم کرنے والی کمپنی اور برلینز گروپ کا حصہ ہے۔ یہ شراکت داری خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی مارکیٹ میں ٹیلی کام کے پس منظر میں موجود انفراسٹرکچر اورتوانائی کے انتظام کو جدید اے آئی اور ڈیٹا اینالیٹکس کے ذریعے بہتر بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

یہ معاہدہ دونوں کمپنیوں کے درمیان تعاون کے لیے ایک فریم ورک قائم کرے گا تاکہ توانائی کی نگرانی، کنٹرول اور انتظام کے شعبے میں کاروباری مواقع پیدا کیے جاسکیں۔ نوکیا اپنی مارکیٹ میں موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تھنڈر انرجی کے پلیٹ فارم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کلیدی شراکت داروں بشمول ٹیلی کام آپریٹرز، ٹاور کمپنیوں، انڈسٹری پارٹنرز، اور ریگولیٹری اداروں سے روابط استوار کرے گا۔

معاہدے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے برلینز گروپ کے سی ای او بلال قریشی نے کہا کہ”نوکیا کے ساتھ یہ اشتراک ہمارے اے آئی پاورڈ انرجی انٹیلی جنس کے وژن کو تقویت دیتا ہے۔ ٹیلی کام آپریٹرز کے لیے توانائی کی کھپت ایک بڑا چیلنج ہے، اور تھنڈر انرجی کا پلیٹ فارم آپریٹرز کو جدید حل فراہم کرنے کے علاوہ کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی لاتا ہے۔ نوکیا کے ساتھ مل کرہم ٹیلی کام انڈسٹری کے لیے ایک اسمارٹ اور ماحول دوست مستقبل کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔”