1
چین نے پاکستان پر واجب الادا 2 ارب ڈالر کی مدت میں ایک سال کی توسیع کردی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے معاشی استحکام اور بحالی کے لیے پاکستان کے دیرینہ دوست چین کا معاشی تعاون جاری ہے اور اس سلسلے میں چین نے پاکستان کے ذمے واجب الادا 2 ارب ڈالر کی رقم کی مدت میں ایک سال کی مزید توسیع کر دی ہے۔چین کے 2 ارب ڈالر کے اس قرض کی واپسی کی مدت 24 مارچ کو پوری ہو رہی تھی ۔
وزارت خزانہ کی جانب سے چین کی طرف سے 2 ارب ڈالر کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی تصدیق کر دی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق چین کی جانب سے 2 ارب ڈالر قرض کی واپسی کی مدت میں ایک سال کی توسیع سے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط رکھنے میں مدد ملے گی۔
2
مردان؛ فریقین میں فائرنگ سے 3بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق،ریسکیو 1122 کے مطابق مردان کے علاقے طورو قاسم میرہ کڑپندی میں فائرنگ سے 3 بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچی۔
میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے طورو اسپتال منتقل کیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں 2 زخمی بچوں کو لوکل ٹرانسپورٹ کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ایک فریق کے 3 بھائی جب کہ دوسرے فریق کا ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
3
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سوشل میڈیا رولز اینڈ اریگولیشن کے ساتھ ہے۔صرف پاکستان میں شتربےمہار ہے۔ میرے لیے ہر دن عورت کا دن ہے، معاشرے میں خواتین کو لے کر رویہ بہت غیر حساس ہے جسں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار الحمرا میں حکومتی سطح پر وویمن ڈے منایا جا رہا ہے۔
جب تک ہم خواتین کے مسائل پر بات نہیں کریں گے اس وقت تک حل نہیں نکلے گا، ہم بدقسمتی سے ایسے معاشرے میں رہتے ہیں وہاں زیادتی کی شکار خاتون منہ چھپاتی پھرتی ہے اور ریپسٹ دندناتا پھرتا ہے، پنجاب حکومت نے خواتین کے تحفظ کے لیے بہت اقدامات کیے ہیں، پینک بٹن۔ورچوئل پولیس اسٹیشن۔دھی رانی جیسے ہروگرام اس کی مثال ہیں۔الحمرا ارٹس کونسل میں پنجاب حکومت کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب
4
سینٹ کا اجلاس؛ شیری رحمان کی پی ٹی آئی پر تنقید، شبلی فراز کا جواب،پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسائل اور مشکلات کو بغیر گالی گلوچ کے حل کرنا چاہیے۔ خندہ پیشانی اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
پی ٹی آئی کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ آپ کے لیڈر اسیری میں ہیں آپ احتجاج کرسکتے ہیں۔ آپ کے لیڈر میں تکبر تھا اور دھمکیاں دیتا تھا۔ہم ایسا نہیں کریں گے جو آپ کے لیڈر نے کیا۔ وہ جیل میں ہیں تو اپنے تکبر پر نظرثانی کریں گے۔آپ کے لیڈر سی کلاس جیل کی دھمکی دیتے تھے۔ آپ کے لیڈر کو جیل میں سی کلاس نہیں دی۔اپوزیشن لیڈراور رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز نے شیری رحمان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی جماعت ہیں سیاست کریں گے۔
عوام نےجس کو ووٹ دیا اسے حق حکمرانی ہونا چاہیے۔ ایسے نہیں کہ الیکشنز میں دھاندلی کرکے ہارجانے والوں کو حکمران بنا دیں۔ شیری رحمان خواتین کے دن پر قرارداد لائی تھیں۔ ہم قرارداد کو سپورٹ کرنے کوتیار ہیں۔ قرارداد میں خواتین کے ساتھ سیاسی انتقامی کارروائی شامل کریں۔ شیری رحمان کو جب یہ کہا تو وہ چلی گئیں۔
5
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ جہاں سندھی بھائیوں کے ساتھ ناانصافی کی بات ہوگی تو ساتھ کھڑا ہوں۔ دریائے سندھ سے نئی نہروں کے فیصلے پر صدر زرداری کے دستخط ہیں، سندھ کے مفادات پر سودے پر شہری و دیہی سندھ کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ میرا یہاں بھرپور استقبال ہوا ہے۔ پانی کا مسئلہ صرف سندھیوں کا نہیں ہم سب کا ہے۔ ہم سب سندھ کے ہیں، ہمارے مسائل ایک ہیں۔ ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھنا ہوگا۔
سندھ کے عوام کی تکالیف کا کوئی پرسان حال نہیں۔ سندھ میں پانی کے مسئلے پر سندھ کے عوام کی آواز نہیں سنی گئی۔ سندھ کے عوام وڈیروں کی زیادتی کا شکار ہیں۔ ہمیں ان سب کیخلاف متحد ہونا چاہیے۔ سندھ کے مسائل کے لیے شہری اور دیہی باشندے ایک ہیں۔ اگر دریائے سندھ کے پانی پر پنجاب نے ڈاکا ڈالا تو ہم شہری سندھ بھی احتجاج کریں گے۔ سٹی کورٹ میں وکلا کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورے کے موقع پر بات
6
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرکے اپنا آئینی کردار ادا کیا، پوری اپوزیشن کی طرف سے آپ کے شکرگذار ہیں۔پی ٹی آئی کے سینیٹر نے ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قاسم رونجھو کے استعفی سے پہلے ہماری سینیٹر نے استعفی دیا، قاسم رونجھو کی سیٹ پر الیکشن ہوگیا، نئے سینیٹر آگئے، ثانیہ نشتر کے استعفی کے باوجود سیٹ خالی نہیں کی گئی۔
جس صوبہ میں پی ٹی آئی کی اکثریت ہے وہاں سینیٹ الیکشنز نہیں کرائے جا رہے، یہ ایوان نامکمل ہے، بتایا جائے کے پی میں سینیٹ الیکشنز کیوں نہیں کروا رہے؟ آپ نے اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرکے اپنا آئینی کردار ادا کیا، پوری اپوزیشن کی طرف سے آپ کے شکرگذار ہیں۔
7
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت کم ہوگئی۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11ڈالر کی کمی سے 2ہزار 910ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کو 24قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار روپے کی کمی سے 3لاکھ 6ہزار روپے کی سطح پر آگئی ہے جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 858روپے کی کمی سے 2لاکھ 62ہزار 345روپے کی سطح پر آگئی ہے۔